شینژن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان چین کے شہر شینژن میں دوطرفہ ملاقات شروع ہوگئی ہے۔ یہ ملاقات چینی صدر شی جن پنگ، ٹرمپ اور پیوٹن کے پہلے سہ فریقی اجلاس سے قبل ہوئی، جس میں عالمی امن، یوکرین جنگ، ایران تنازع اور جوہری ہتھیاروں میں کمی سمیت اہم معاملات زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے ملاقات کے آغاز پر پیوٹن کو اپنا ’’دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان کئی برس سے اچھے تعلقات ہیں اور وہ ایک دوسرے کو طویل عرصے سے جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات سے کئی مثبت نتائج سامنے آسکتے ہیں یا کم از کم ان کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ دونوں صدور کی ملاقات سے پہلے امریکا، چین اور روس کے رہنماؤں نے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) اجلاس میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔ تینوں رہنماؤں کا سہ فریقی اجلاس شینژن کے کیلن ولا میں منعقد ہونا طے ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی ہے جب یوکرین میں روسی جنگ کو پانچ سال مکمل ہونے کے قریب ہیں، جبکہ ایران کے ساتھ امریکی جنگ کے باعث تیل کی عالمی فراہمی متاثر اور دنیا بھر میں صارفین کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ امریکا، روس اور چین کے رہنما دنیا کو اپنے اپنے اثرورسوخ کے دائروں میں تقسیم کرنے سے متعلق معاملات پر بات کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے یوکرین کی جنگ کے مستقبل پر بھی تشویش ظاہر کی جارہی ہے، کیونکہ خدشہ ہے کہ کیف اور یورپی ممالک کو براہِ راست شامل کیے بغیر یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلے زیرِ بحث آسکتے ہیں۔ تینوں ممالک نے اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں مختلف مؤقف اختیار کیے ہیں۔ واشنگٹن نے ابتدا میں اشارہ دیا تھا کہ یوکرین جنگ مذاکرات کا حصہ نہیں ہوگی، تاہم بعد میں ٹرمپ نے کہا کہ اس معاملے پر بھی بات ہوگی۔ کریملن کے مطابق ایجنڈا حتمی نہیں، لیکن یوکرین کا معاملہ نظرانداز کرنا مشکل ہوگا۔ اجلاس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے زیادہ نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چین نے اجلاس کے بارے میں کہا ہے کہ تینوں رہنما عالمی امن کے تحفظ اور بڑی طاقتوں کے تعلقات میں تزویراتی استحکام کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ امریکی حکام کے مطابق ایران جنگ اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آسکتا ہے۔ امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق دوطرفہ معاہدہ فروری میں ختم ہوگیا تھا، جبکہ چین کا مؤقف ہے کہ امریکا اور روس کو اپنے بڑے جوہری ذخائر میں کمی کے بعد ہی چین کے نسبتاً چھوٹے ذخیرے پر مذاکرات کی بات کرنی چاہیے۔ ٹرمپ نے شینژن میں فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس تقریباً 4 ہزار، روس کے پاس 3 ہزار 800 اور چین کے پاس 400 سے 500 کے درمیان جوہری ہتھیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کا جوہری ذخیرہ بھی مستقبل میں بڑھ سکتا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بدھ کو شینژن ایئرپورٹ پر ٹرمپ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مختصر طور پر بغل گیر ہوکر خیرمقدم کیا، جبکہ سرخ قالین، بچوں کی جانب سے استقبال اور فضائیہ کے طیاروں کی پرواز کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں اس استقبال کو دوطرفہ دوستی اور باہمی احترام کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شی جن پنگ کے اس طرزِ استقبال کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن چین آکر ان سے ملاقات کرنا چاہیں گے۔ تاہم شمالی کوریا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ دونوں رہنما ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت کے دوران تین مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں۔ اپیک اجلاس میں جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی، جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ، کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی اور آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز سمیت متعدد عالمی رہنما شریک ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ نے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں تجارت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں تعاون بھی اہم موضوعات میں شامل ہیں۔