Current
·
C2
·2026-11
سائبر کرائم؛ ٹیکس دہندہ کے اکاؤنٹ سے جعلی انوائسز کے ذریعے کروڑوں کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف
سائبر جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے ایک ٹیکس دہندہ کے آئی آر آئی ایس اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے جعلی انوائسز اور فرضی سپلائز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی نے سیلز ٹیکس فراڈ کے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے کارپوریٹ رجسٹریشن، سیلز ٹیکس اندراج اور ڈیجیٹل ٹیکس نظام میں موجود متعدد انتظامی اور تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ سائبر جرائم پیشہ عناصر نے ایک ٹیکس دہندہ کے آئی آر آئی ایس اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے جعلی انوائسز اور فرضی سپلائیز کے ذریعے کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کیں، جبکہ ایک نئی قائم شدہ کمپنی اس جعلی سپلائی چین سے نمایاں طور پر مستفید ہوئی۔
تحقیقات کے مطابق شکایت کنندہ کے اکاؤنٹ سے مسلسل دو ٹیکس ادوار کے جعلی گوشوارے جمع کرائے گئے، جن میں ایسی سپلائز ظاہر کی گئیں جن کا حقیقت میں کوئی کاروباری لین دین موجود نہیں تھا اس مقصد کے لیے وی پی این کنکشنز استعمال کیے گئے، جبکہ ریکارڈ شدہ آئی پی ایڈریسز انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کے مقامات ظاہر کرتے تھے، تکنیکی شواہد سے اصل ملزمان کی حتمی شناخت ممکن نہ ہو سکی۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ایک نئی قائم شدہ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی نے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کے اگلے ہی روز سیلز ٹیکس رجسٹریشن حاصل کرلی، تاہم اس کی کاروباری اہلیت اور مطلوبہ دستاویزات کی موثر جانچ نہیں کی گئی۔ کمپنی نے کاروباری مقام، یوٹیلیٹی بلز اور ملکیت یا کرایہ داری کے ثبوت کے بجائے ایک ہی رجسٹریشن دستاویز مختلف تقاضوں کے تحت اپ لوڈ کی، جسے خودکار نظام نے مناسب تصدیق کے بغیر قبول کرلیا۔
ایف ٹی او نے نشاندہی کی کہ سیلز ٹیکس رولز 2006ء کے رول 5 میں موجود طریقہ کار تمام اقسام کے کارپوریٹ اداروں کا موثر احاطہ نہیں کرتا۔ مزید یہ کہ کمپنی کے ڈائریکٹرز کی تبدیلیاں ایف بی آر کے فارم 181 میں درج ہوگئیں، حالانکہ ان سے متعلق ایس ای سی پی کا فارم 29 ابھی زیر التوا تھا۔ دونوں اداروں کے ڈیٹا میں بروقت رابطے اور تصدیق کا نظام نہ ہونے سے غیر مصدقہ معلومات ٹیکس ریکارڈ کا حصہ بننے کا خطرہ موجود ہے۔
مذکورہ کمپنی ایک دوسرے جعلی انوائس کیس میں بھی مستفید ادارے کے طور پر سامنے آئی۔ شکایت کنندہ کے بینک اسٹیٹمنٹس اور مالیاتی ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ متنازع سپلائیز کی کوئی ادائیگی وصول نہیں ہوئی، جبکہ وزارت دفاع اور حکومت سندھ کے محکمہ صحت سے منسوب لین دین بھی متعلقہ اداروں کے خریداری ریکارڈ میں موجود نہیں تھے۔
جعلی ٹرانزیکشنز کے نتیجے میں شکایت کنندہ کے سابقہ ادوار کا ان پٹ ٹیکس کریڈٹ استعمال کرلیا گیا، جس سے اسے غیر ضروری ٹیکس واجبات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ جعلی اور فلائنگ انوائسز سے مستفید ہونے والے اداروں کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 11E اور سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 12 آف 2023 کے تحت رجسٹریشن کی معطلی، بلیک لسٹنگ اور ٹیکس وصولی سمیت قانونی کارروائی کی جائے۔ سائبر فراڈ کے اصل ملزمان اور جعلی سپلائی چین کے دیگر مستفید افراد کی نشاندہی کے لیے سیکشن 37A بمعہ سیکشن 2(37) کے تحت جامع فوجداری تحقیقات بھی کی جائیں۔
ایف ٹی او نے سیلز ٹیکس رولز 2006ء کے رول 5 میں ضروری ترامیم تجویز کرنے کے لیے کمیٹی بنانے، رجسٹریشن کے بعد لازمی تصدیق کے لیے 30 روز کی مدت مقرر کرنے، فارم 181 کے ذریعے ڈائریکٹرز کی تبدیلیوں کی تصدیق بہتر بنانے اور نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کی سہ ماہی بنیادوں پر جانچ پڑتال کی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ گزشتہ ایک سال کے دوران جعلی انوائسز میں ملوث کمپنیوں کا ملک گیر جائزہ لینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کو آئی آر آئی ایس پورٹل کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن، بائیومیٹرک تصدیق، اہم پروفائل تبدیلیوں کے لیے سپروائزری منظوری اور مشکوک گوشواروں کی نشاندہی کے لیے خودکار آئی پی مانیٹرنگ اور ویلیڈیشن کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف بی آر، پرال اور ایس ای سی پی کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ریکارڈ کی باہمی تصدیق کا مربوط نظام قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو شکایت کنندہ کے سابقہ ادوار کے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کی بحالی پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم اس کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی جانب سے شکایت کنندہ کے فراڈ میں ملوث نہ ہونے کی تصدیق ضروری قرار دی گئی ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے واضح کیا کہ خودکار رجسٹریشن اور ڈیجیٹل سہولتوں کے فروغ کے ساتھ موثر تصدیق، سائبر سیکیورٹی اور مسلسل نگرانی بھی ناگزیر ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو 60 روز کے اندر فیصلے پر عملدرآمد اور پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے تحقیقات میں چیف سیلز ٹیکس (آپریشنز)، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کے حکام کے تعاون کو بھی سراہا ہے۔
Find Your Interest
Current
·
C2
·2026-11






