اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی 78ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی اور برطانوی فیشن، ثقافت اور ڈیزائن کے رنگ نمایاں رہے۔ 13 نومبر کو منعقدہ تقریب میں دونوں ممالک کے ڈیزائنرز کے ملبوسات پیش کیے گئے جبکہ برطانوی گیتوں کو پاکستانی موسیقی کے انداز میں پیش کیا گیا۔ مہمانوں کے لیے دونوں ممالک کے روایتی کھانوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، کاروباری شخصیات اور فیشن ڈیزائنرز سمیت 600 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کی دوستی مزید مضبوط ہونے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کی تخلیقی صلاحیتیں اور کاروباری تعاون روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔