وزیراعظم کی ”اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم“ کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ خوش آئند پیشرفت ہے، آباد
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ”اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم“ کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ملکی معیشت اور تعمیراتی صنعت کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے۔
تعمیراتی مصنوعات کی 3 روزہ ان ہاؤس نمائش کے دوسرے روز نمائش میں حصہ لینے والی ذیلی صنعتوں کے اسٹالز کے دورے کے موقع پر چیئرمین آباد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گھروں کی تعمیر کے لیے سہولتوں اور مالی معاونت کی فراہمی سے نہ صرف عام شہریوں کو اپنی چھت حاصل کرنے کا موقع ملے گا بلکہ تعمیراتی شعبے اور اس سے وابستہ درجنوں صنعتوں میں بھی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آباد ہاؤس میں تعمیراتی مصنوعات اور میٹیریل کی نمائش کا بنیادی مقصد بلڈرز، ڈیولپرز، مینوفیکچررز اور الائیڈ انڈسٹری سے وابستہ کمپنیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے تاکہ ان کے درمیان کاروباری روابط کو مضبوط بنایا جاسکے اور تعمیراتی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ ملے۔
حنیف گوہر نے آباد کے تمام ممبران، بلڈرز، ڈیولپرز اور الائیڈ انڈسٹریز سے اپیل کی کہ وہ آباد کی ان ہاؤس نمائش میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی مصنوعات اور خدمات کو متعارف کرانے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔






