بھوت ہی بھوت
آج کل ہمیں کچھ ایسا لگنے لگا ہے۔آپ کی ناراضگی کی خاطر کہہ دیں کہ شاید ۔۔۔ ایسا نہ ہو، صرف ہمیں ایسا ’’لگ‘‘ رہا ہو کہ ہمارا یہ ملک جسے بھوت بنگلہ یا بھوتیا گھر ہوتاجارہا ہو ، اگلے زمانوں میں صرف بھوت اسکولوں ، بھوت اسپتالوں ،بھوت پلوں اوربھوت سڑکوں کے بارے میں سنتے تھے لیکن آج کل یہ سلسلہ پھیل کرہرجگہ دکھائی یاسنائی دے رہا ہے ۔
اب جہاں ہم رہتے ہیں، وہاں بھوتوں ہی کاراج ہوگیا ہے، بھوت ٹیوب ویل ، بھوت این جی اوز اوربھوت تنظیمیں چل رہی ہیں بلکہ نہیں چل رہی ہیں۔
ایک زمانے میں سیم وتھور ختم کرنے کے لیے صوبے میں بے شمار ٹیوب ویل لگائے گئے تھے ، مردان، چارسدہ میں زیادہ تھے، ان کا تو پتہ نہیں لیکن پشاور سے نوشہرہ تک غالباً سینتالیس ٹیوب ویل تھے ،ہرٹیوب ویل پر دودو آدمی بھی ملازم رکھے گئے تھے ۔
وہ ملازم بھی موجود ہیں جو دفتر میں ہیں، وہ تنخواہ کے لیے پہلی تاریخ کو جاتے ہیں ، دفتر بھی موجود ہیں ، اسٹاف بھی موجود ہے ، صرف ٹیوب ویل موجود نہیں ،اکثر پرتو ملازموں کی تیسری نسل تنخواہ لے رہی ہے کہ پہلی دو نسلیں پنشن یافتہ ہوگئیں ،آخر ’’سروس‘‘ جو کرچکے ہیں، کہیں کہیں تو ٹیوب ویل والوں کے ساتھ بننے والے گھروں کی اینٹیں بھی لے گئے ہیں ، پٹڑی، ٹرانسفارمر اورکھمبے تک بھی اپنے اصل مقامات تک پہنچ چکے ہیں ۔
ایسے ہی ہزاروں ٹیوب ویلز ہیں، سڑکیں ہیں، اسپتال ، ڈسپنریاں ،بجلی کی لائیٹیں ہیں، ٹرانسفارمر ہیں جو بھوت ہیں لیکن ان پر لوگ تنخواہیں لے ر ہے ہیں کیوں کہ وقت کے جمہوری شہنشاہوں عرف منتخب نمائندوں کو اپنوں کو کھپانے اورووٹ خریدنے کے لیے ضرورت ہوتی تھی، فنڈز بھی ان کے ہاتھ میں ہوتے ہیں چنانچہ ایک ایک گھر کے لیے سڑکیں بنائی گئی ہیں ، بے شمار پول اورٹرانسفارمر لگائے گئے، اسکول منظور کیے گئے ہیں۔
بی ایچ یو ز پھیلائے گئے ہیں بلکہ ’’تھے‘‘ کیوں کہ اب وہ ’’ہے‘‘ کی جگہ ’’تھے‘‘ ہوچکے ہیں اورصرف ملازمین تنخواہیں وصول کررہے ہیں ۔اگر آپ کہیں کوہستانوں میں جائیں تو دور بہت دشوار گزار مقامات پر بجلی کے بے شمار پول دیکھیں گے لیکن سب کے ٹوٹے پھوٹے تار تو دکھائی دیں گے لیکن بجلی ندارد ۔ کیوں کہ اب لوگوں نے دریائوں پر اپنے اپنے بجلی گھر لگوائے ہوئے ہیں جو سوروپے کے بلب کے حساب سے بجلی سپلائی کرتے ہیں ۔
ایک روزہمارے پاس دوتین نوجوان آئے جو چراٹ کے پہاڑوں میں کسی پارک کے ملازم ہیں لیکن تین سال ہوگئے نہ تو ہمیں کوئی تنخواہ ملی ہے اورنہ ہی اس پارک کاکہیں نام و نشان ہے ، ہم نے پتہ لگایا ہے کہ کاغذات میں وہ پارک موجود ہے اور ملازمین تنخواہیں بھی وصول کررہے ہیں جب کہ ہمیں ایک پیسہ بھی نہیں ملا ہے۔
بے شمار اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ، کمیٹیوں اورٹریبونلوں کاذکر تو ہم کرچکے ہیں کہ اکثر بیوروکریٹس دوچارکرسیاں ٹھکانے لگانے ،اولادوں کو اپنی جگہ بٹھانے ،روپوں کے گٹھڑ گھر پہنچانے اورپینشن پانے کے بعد ان میں بھوت بناکرپالے جارہے ہیں، ان کے بھاری بھر کم اخراجات والی میٹنگوں کے بارے میں بتاچکے ہیں جو صرف نشستند وخوردند وبرخواستند ہوتے ہیں۔
حیرت ہوتی ہے کہ بھوتوں کانظریہ تو پڑوسی ملک میں ہے اور’’پیدا‘‘ ہمارے ہاں ہورہا ہے یا کیا جارہا ہے۔ پڑوسی ملک کے دھرم میں انسان جب مرتا ہے تو اس کی آتما یعنی روح اگرنیک صالح اورپاک پوتر ہوتو وہ سیدھی جاکر برہما کی آتما سے واصل ہوجاتی ہے، اسے موکش یعنی مکتی اورنجات کہتے ہیں ،لیکن اگر گناہ گار ہوتو اسے ایک اورمقام جونی یا بونی میں رکھا جاتا ہے اورباربار دوسرے جنموں میں بھیجا جاتا ہے جسے ’’جنم جنماتر‘‘کاچکر یا آواگون یا تناسخ کہا جاتا ہے تا آنکہ وہ پوتر ہو کر پرماتما میں ملے یعنی موکش پانے کے قابل نہیں ہوجاتی۔
اس کے علاوہ تیسری صورت یہ ہے کہ اگر کوئی حادثاتی موت مرتا ہے، خودکشی کرتا ہے یا قتل ہوتا ہے اوراس کے ارمان پورے نہیں ہوجاتے یادشمنوں کی وجہ سے وہ بے وقت مرچکا ہے ، ان کی روحیں اس دنیا میں بھٹکتی رہتی ہیں جب تک اپنا انتقام نہیں لیتیں یا ارمان پورے نہیں کرتیں۔
چنانچہ ہمارے ہاں بھی جو لوگ مختلف کرسیوں کو ’’لاحق ‘‘ ہوتے ہیں ، وہ جب ریٹائرہوتے ہیں تو وہ محکمے میں ہی بھوت بن کر رہتے ہیں، مطلب یہ کہ جو اس ملک و قوم کو لوٹنے کا ٹارگٹ پورا نہیں کر پاتر ، وہ ریٹائرمنٹ کا بھوت بن کر دوبارہ، سہ بارہ اس ملک اورقوم پر مسلط ہوجاتے ہیں ۔ان میں جواعلیٰ درجے یعنی اشراف ایلیٹ کلاس یا برھمن ہوتے ہیں یاکسی ٹیڑھے میڑھے اورچورراستوں سے طبقہ اشراف یابرھمنوں میں شامل ہوچکے ہوتے ہیں وہ یاتو سیاست میں آجاتے ہیں کہ یہاں بندوں کو گنا بھی نہیں کرتے صرف ریکارڈ دیکھے جاتے ہیں۔
جیسے ایک زمانے میں ایسا ہی شخص پٹواری بھرتی ہواتھااور ضیاالحق کی حق شناس نگاہوں نے اسے اپنا جانشین بنایا اورمدتوں مسلط رہا تھا ۔کچھ ان میں دانا دانشوربن کر چینلوں پر دانش بگھارتے ہیں، کچھ اخباروں میں کالم نگاربن کر طرح طرح کے فلسفوں کو تڑکا لگاتے ہیں اورباقی جو بچتے ہیں ان کے بارے میں بتاچکا ہوں بورڈوں میں کمیٹیوں میں اورٹریبونلوں میں کرسی کرسی کھیلتے ہیں ۔
اس قوم وملک سے یہ انتقام لینے کے لیے کہ اس قوم نے ان کے سفید جسم اورسبز چشم آقائوں کو اس ملک سے کیوں بھگایا اورسبزقدم کیوں مسلط کیے ۔ لفظ بھوت کو ہم نے زبانوں میں بہت تلاش کیا کہ یہ کہاں سے بھوتا ہے تو صرف فارسی میں ایک لفظ ’’بود‘‘ ایسا ملا جو اس کی بنیاد ہوسکتا ہے ،بود کامطلب ہے ’’تھا‘‘ جیسا کہ مرشد نے کہا ہے کہ
لیتا ہوں مکتب غم دل میں سبق ہنوز
لیکن یہی کہ رقت گیا اوربود تھا
لیکن پاکستان کے جادو نگری میں ’’بود‘‘ یعنی ’’تھا ‘‘کو لاکر دوبارہ’’ ہے‘‘ کردیا جاتا ہے۔
Find Your Interest
- [공식발표] ‘SK→KIA→SSG’ 37살 우승 포수 전격 방출…‘고작 30살’ 거포 유망주 은퇴 선언 ‘SSG 선수단 칼바람’
- KIAの19本塁打男パク・ジェヒョン、東京ドームでも一発…決勝も「今日以上にやる」
- 광주에서 온 수달 듀오, 도쿄돔을 지배했다...박재현·김도영 홈런 대폭발→천신만고 끝에 일본과 결승 격돌 [APBC]
- KIA 19홈런 재간둥이, 도쿄돔마저 넘겼다…결승전도 기대하시라 "오늘보다 더 할 수도 있다" [오!쎈 도쿄]
- Emprego dos sonhos? Vaga paga até US$ 120 mil para jogar GTA 6
- Caos nos voos dos EUA persiste com milhares de cancelamentos e atrasos
- Taxas dos DIs fecham em queda de olho em fiscal e dados






