پاکستان نے ساف فٹبال چیمپئن شپ میں تاریخ رقم کردی، میزبان بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جہاں اب روایتی حریف بھارت سے ٹائٹل کے لیے مقابلہ ہوگا۔ ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلادیش کا بال پر زیادہ قبضہ رہا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے متعدد حملے ناکام بنائے۔ میچ کے 86ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے حریف دفاع کو چکمہ دے کر بائیں پاؤں سے شاندار گول اسکور کیا اور پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلادی۔ میچ کے آخری لمحات میں بنگلادیش نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے برتری برقرار رکھی۔ اس دوران تماشائیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور بنگلادیشی کھلاڑیوں کی پاکستانی فٹبالرز سے تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے، تاہم پاکستان ٹیم نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔ نولبرٹو سولانو کی کوچنگ میں پاکستان اب پہلی بار ساف چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک فتح دور ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔