مسقط: آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے آنے والی چیز نے نشانہ بنایا، جس سے جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے سمندری جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ یو کے ایم ٹی او کے مطابق یہ واقعہ 18 نومبر کو عالمی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، جب ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر کی جانب سفر کر رہا تھا۔ واقعے کا مقام عمان کے علاقے خصب سے تقریباً 6 بحری میل شمال میں بتایا گیا ہے۔ یو کے ایم ٹی او کو مقامی حکام کی جانب سے تاخیر سے اطلاع موصول ہونے کے بعد جمعرات 19 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے مقامی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 30 منٹ پر واقعے کا الرٹ جاری کیا گیا۔ ادارے کے مطابق جہاز کے عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور ان کی موجودگی کی تصدیق کرلی گئی ہے۔ تاہم جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت اور سمندر میں تیل یا دیگر آلودگی پھیلنے کے ممکنہ اثرات کے بارے میں فوری طور پر معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ واقعے کی رپورٹ میں ٹینکر کا نام، نامعلوم چیز کے ماخذ یا حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اس واقعے کا تعلق آبنائے ہرمز میں اس سے پہلے پیش آنے والے حملوں سے ہے یا نہیں۔ یو کے ایم ٹی او نے اس اہم سمندری راستے سے گزرنے والے جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔ یہ واقعہ نومبر کے دوران آبنائے ہرمز کے اطراف تجارتی جہازوں سے متعلق پیش آنے والے سکیورٹی واقعات اور جاری انتباہات کے سلسلے کی ایک تازہ کڑی ہے۔