Current
·
C2
·2026-11
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس میں شرکت غیر یقینی ہوگئی
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کی 27 سے 29 نومبر تک لاہور میں ہونے والی چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس میں شرکت غیر یقینی ہوگئی ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات سے متعلق پالیسی کے تناظر میں ان کے دورہ پاکستان کے لیے سیاسی اجازت ملنے کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں، تاہم کانفرنس کے منتظمین کو امید ہے کہ وہ شرکت کی کوشش جاری رکھیں گے۔
انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے چیف آرگنائزر احمد رضا وٹو کے مطابق بھگونت مان کے قریبی ساتھی اور بھارتی پنجاب کے سیاست دان کرم جیت انمول سے ان کی بات ہوئی ہے، جنہوں نے بتایا کہ بھگونت مان پاکستان آنے کے خواہش مند ہیں، تاہم بھارتی مرکزی حکومت سے اجازت ملنے کے بعد ہی وہ ویزے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
احمد رضا وٹو نے کہا کہ بھارتی حکومت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ پنجابی زبان، ادب اور ثقافت دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ ورثہ ہیں اور پنجابی کانفرنس پاک بھارت تعلقات میں بہتری اور عوامی روابط کے فروغ میں کردار ادا کرسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ سمیت متعدد بھارتی شخصیات کو کانفرنس میں شرکت کے دعوت نامے بھیجے گئے تھے۔ بھگونت مان نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ انہیں پاکستان سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور وہ کانفرنس میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں بھارتی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اگر واہگہ اٹاری سرحد نہیں کھولی جاتی تو انہیں اور بھارتی پنجاب اسمبلی کے دیگر ارکان کو بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کے ذریعے گردوارہ دربار صاحب کرتارپور جانے اور مذہبی رسومات ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب، بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے 13 نومبر کو ایک میڈیا بریفنگ میں بھگونت مان کے ممکنہ دورہ پاکستان سے متعلق سوال کے جواب میں کہا تھا کہ بیرونی ممالک سے تعلقات کے حوالے سے بھارت کی ایک قومی پالیسی ہے اور ہر شخص سے اس کی پابندی کی توقع کی جاتی ہے۔
ان کے مطابق اہم شخصیات کے بیرون ملک دوروں کے لیے سیاسی اجازت کی درخواستوں کا جائزہ وزارت خارجہ اپنی مجموعی پالیسی کے مطابق لیتی ہے۔
ترجمان نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے بارے میں بھارت کے مؤقف کا حوالہ بھی دیا تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بیان کو بھگونت مان کے دورہ لاہور کی منظوری ملنے کے امکانات محدود ہونے کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ادھر بھارت سے بابا گورو نانک دیو جی کا 557واں جنم دن منانے کے لیے 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں میں سے بعض مہمانوں کی بھی پنجابی کانفرنس میں شرکت متوقع ہے۔
چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس 27 سے 29 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں مختلف ممالک سے پنجابی زبان و ادب سے وابستہ دانشوروں، ادیبوں اور دیگر شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
Find Your Interest
- Relentlessly focus on the outcomes
- Dyson Airwrap User Deep Review
- langchain-openai==1.8.2
- Terk, itiraz, biat
- Capacity Planning for Kubernetes Ingress Controllers: A Practical Guide
- Capacity Planning for Kubernetes Ingress Controllers: A Practical Guide
- Short: 24 October 2018
- CSS Grid Layout is just around the corner (CSSConf US 2015)
- Mohammed Siraj dropped: Decoding India’s shock selection call
- Tech companies are betting big on AI shopping, but Americans may already have bot fatigue as 72% don’t plan to use it for holiday gifts
Current
·
C2
·2026-11






