پاکستان بھر کے عوام نے مہنگائی، بیروزگاری اور بدانتظامی سے چھٹکارے کے لیے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کر دی۔ کوئٹہ اور کراچی کے شہریوں نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور وسائل کی بہتر تقسیم کے لیے چھوٹے صوبوں کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ کوئٹہ اور کراچی کے شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے 70 سال بدانتظامی دیکھی ہے، اب نظام کو ری سیٹ کرنے کا وقت آ چکا ہے، جس سے عوام کو سہولیات فراہم ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس قائم ہونے سے لوگوں کو تمام تر سہولیات اور مسائل کا حل اپنے قریبی علاقوں میں میسر آئے گا۔ شہریوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کو نوکریاں مل سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی بھی بے حد بڑھ چکی ہے، اس لیے اختیارات مقامی نمائندوں تک پہنچانے کے لیے نئے صوبے بنائے جائیں۔ شہریوں کے مطابق چھوٹے انتظامی یونٹس قائم ہونے سے حکومتی کنٹرول میں اضافہ ہوگا، جبکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف علاقوں میں یکساں ترقی کے مواقع بھی پیدا ہو سکیں گے۔