Current
·
C2
·2026-11
کینیڈا میں جلی ہوئی گاڑی سے بھارتی شہری کی باقیات برآمد
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں ایک جلی ہوئی گاڑی سے 25 سالہ بھارتی شہری کی باقیات برآمد ہونے کے بعد قتل کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کو منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا گیا، تاہم قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
مقتول کی شناخت تشار شرما کے نام سے ہوئی ہے، جو کینیڈا کے شہر سرے کا رہائشی تھا۔ واقعہ 29 اکتوبر کی رات لینگلی کے علاقے راولسن کریسنٹ میں پیش آیا، جہاں گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے۔ آگ بجھانے کے دوران گاڑی کے اندر انسانی باقیات دریافت ہوئیں۔
کینیڈا کی انٹیگریٹڈ ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے کیس کی تحقیقات سنبھال لی ہیں۔ پولیس، فرانزک ماہرین اور دیگر متعلقہ ادارے مل کر مقتول کی موت کے حالات اور واقعے سے پہلے کی سرگرمیوں کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق مقتول کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا اور کینیڈا میں اس کے رابطے بھی محدود تھے۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ یہ کوئی اتفاقی واقعہ نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی واردات ہوسکتی ہے۔
Find Your Interest
Current
·
C2
·2026-11






