بچپن میں ہم گلیوں اور محلوں کی سطح پر برتن کلی کروالو یا نئے کروالوکی سیاسی گونج سنا کرتے تھے۔ ہماری والدہ ہمیں کچھ برتن دیتیں اور کہتیں کہ اس سے ان برتنوں پر کلی کروا لو تا کہ یہ اپنی پرانی شکل کے مقابلے میں نئے برتن بن کر سامنے آسکیں۔یہ ہی حال آج کل ہمارے سیاسی یا ریاستی نظام کی بنیاد پر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس گونج میں کئی سیاسی کردار سامنے آئے ہیں جو پرانے نظام کے مقابلے میں نئے نظام کی طرف توجہ دلا رہے ہیں اور ان کے بقول پرانے برتنوں یا خیالات پر مبنی نظام مزید نہیں چل سکے گا۔ لیکن اب تو ملکی صنعت کاروں سمیت خود ارکان پارلیمنٹ،رائے عامہ بنانے والے ادارے یا افراد،میڈیا اور بہت سی سیاسی جماعتیں موجودہ نظام کے ری سیٹ پر بات کر رہی ہیں۔اب تو بلاول بھٹو نے نظام کے ری سیٹ کی حمایت کی ہے ۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے محسن نقوی اگر نظام کی ری سیٹنگ کو ملکی سطح پر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل کی بنیاد پر سوچ رہے ہیں تو بلاول بھٹو کے ذہن میں نظام کی ری سیٹنگ سے کیا مراد ہے۔کیونکہ ان کی جماعت پیپلز پارٹی تو نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ کی مخالف ہے۔اس لیے بلاول بھٹو ری سیٹنگ سے کیا مراد لیتے ہیں یا ان کے ذہن میں کیا خاکہ ہے۔ محسن نقوی کہتے ہیں کہ اس وقت ملک میں جتنے بھی پبلک سروے ہورہے ہیں اس میں لوگ نئے صوبوں کے حامی ہیں اور اس پر عوام کی رائے لی جا سکتی ہے۔ حکومت اس مسئلہ کے حل کے لیے ریفرنڈم کا راستہ اختیار کرسکتی ہے ۔دلچسپ بات یہ کہ اس نظام یا ری سیٹ کی بحث سیاسی جماعتوں سے کم دیکھنے کو مل رہی ہے۔اس لیے بعض سیاسی جماعتیں نظام کی ری سیٹ کی بحث کو اپنی موجودہ سیاسی طاقت کی مخالفت کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔جس سے ری سیٹنگ کی بحث کچھ الجھ کر بھی رہ گئی ہے۔ایک مسئلہ یہ بھی آرہا ہے کہ نظام کی مجموعی ری سیٹ کی بہتری کے نتائج میں 12نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹس کی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں۔ خیال یہ کیا جارہا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل یا نئے انتظامی یونٹس کی مدد سے ہم اپنے ملک میں موجود گورننس کے نظام میں بڑی کلیدی کامیابی حاصل کرلیں گے۔ اصل میں ہمارا مجموعی نظام اس وقت ایک پرانی فرسودہ عمارت پر کھڑا ہے جس پر آپ نے رنگ روغن یا پھول بناکر اسے سجا دیا ہے مگر سچ یہ ہے کہ یہ عمارت اندر سے خستہ حالت میں ہے۔ یہ خستہ عمارت نہ تو عام آدمی کے مفاد کو پورا کر رہی اور نہ عوام سے اس کا تعلق مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔اس لیے جب عام آدمی کے پاس نظام کے نئی ری سیٹ کی بات جاتی ہے تو وہ آسانی سے اسے ہضم نہیں کر پاتا یا اس کو بحث میں اپنے لیے کوئی بڑا حصہ دیکھنے کو نہیں مل رہا۔ایسے لگتا ہے کہ نظام کے ری سیٹ کی بحث کو بھی مخصوص مفادات کے ساتھ جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ حالانکہ اس بحث کو مجموعی طور پر مختلف شعبہ جات اور ادارہ جاتی سطح کی اصلاحات کے ساتھ دیکھنے کی ضرورت ہے۔اگلے روز لاہور میں ایک تقریب میں شرکت کا موقع ملا جو اظہار گروپGen Cultiva یعنی ہارٹی کلچر کی تقریب رونمائی تھی۔ اس تقریب میں کمپنی کے سربراہ معروف کاروباری شخصیت یعقوب اظہار نے اپنی گفتگو میں کافی اہم نکات اٹھائے۔ان کے بقول ہمیں دیانت داری سے اپنے داخلی نظام کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہم سے کیا سیاسی، سماجی ، معاشی اور ادارہ جاتی سطح پر کیا غلطیاں ہو رہی ہیں کیونکہ ان غلطیوں کا درست تجزیہ کیے بغیرقومی معیشت سمیت دیگر معاملات بہتر نہیں ہوسکیںگے۔اگر آپ صوبوں کو یا انتظامی یونٹ سمیت نظام کی ری سیٹ کا مکمل خاکہ پیش کریں تاکہ سب کو اندازہ ہوسکے کہ آگے بڑھنے کی حکمت عملی کیا ہے۔یہاں کسی کی بھی حکومت ہو اس کے ایجنڈا میں سیاسی اور معاشی استحکام کے بجائے محاذآرائی پر مبنی سیاست زیادہ بالادست ہوتی ہے۔معیشت کی کنجی داخلی اور خارجی سرمایہ کاری سے جڑی ہے اور اس کے لیے ملک میں شفافیت پر مبنی سازگار کاروباری ماحول ہوتا ہے۔ لیکن جہاں کاروباری طبقات اور صنعت کاروں کا حکومت کے نظام پر اعتماد نہیں ہوگا تو نظام میں اصلاح کیسے ممکن ہوگی۔ان کے بقول نئے صوبے بھی ہمارے مسائل کو حل نہیں کرسکیں گے اور اس کا معاشی ڈھانچہ بھی سامنے آنا چاہیے۔ اصل میں ایک بڑا المیہ یہ ہے کہ یہاں بھی نظام کی تبدیلی یا اسے ری سیٹ کرنے کی بات جب بھی کی جاتی ہے وہ علمی اور بحث کا حصہ بننے کی بجائے بہت زیادہ سیاسی تقسیم کا شکار ہوجاتی ہے یا اسے کردیا جاتا ہے۔ نچلی سطح کا بہترین نظام خود مختار مقامی حکومتوں کے نظام سے جڑا ہوتا ہے لیکن اس پر تمام سیاسی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مقدمہ نہ صرف کمزور رہا بلکہ اس نظام کی ناکامی میں ان کی کوتاہی بھی شامل ہے۔بالخصوص 18ویں ترمیم کے بعد ملنے والی صوبائی خود مختاری نے ضلعی خود مختاری کے اصول کو سرے سے ہی تسلیم نہیں کیا۔ایک بحث یہ بھی کہ آج جب ہمارے پاس آئینی راستے کے تحت خود مختار مقامی حکومتوں کے نظام کی گنجائش موجود ہے تواس کی موجودگی میں نئے تجربات کیوں کرنا چاہتے ہیں۔ اگر ہم سمجھتے کہ مقامی حکومتوں کی خود مختاری اور مالی وسائل کی تقسیم میں صوبائی حکومتیں یا ان کی صوبائی مرکزیت پر مبنی نظام ہے تو اس میں ترمیم یا نئی قانون سازی کی بنیاد پر کیونکر آگے نہیں بڑھا جاتا۔ اگر ہم نے پرانی روایت کی بنیاد پر رہتے ہوئے نئے صوبے یا انتظامی یونٹ تشکیل دے دیے تو ان میں بھی مرکزیت کے پہلو پیدا نہ ہوجائیں۔ہماری طاقت ور اشرافیہ جو کئی دہائیوں سے نظام سے ذاتی مفادات حاصل کر رہی وہ اس نظام سے کیونکر جان چھڑانے کی کوشش کرے گی۔ تبدیلی کے نام پر خوش نما نعرے اور جذباتیت پر مبنی گفتگو بھی دیکھنے کو ملے گی مگر سیاسی اشرافیہ اپنا کنٹرول آسانی سے ختم نہیں کرے گی۔