Current
·
C2
·2026-11
ریٹائرمنٹ کے بعد کا سچ
آپ یقینا عنوان پڑھ کر یہ سوچ رہے ہوں گے کہ سچ کا ریٹائرمنٹ سے کیا تعلق؟ سچ تو سچ ہے، ریٹائرمنٹ سے پہلے بھی اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی سچ ہی رہتا ہے، اگر آپ ایسا سوچ رہے ہیں تو پھر آپ بھولے بادشاہ ہیں، حالانکہ اس پر یوسفی صاحب کہہ گئے ہیں کہ اگر رات کا بھولا صبح گھر لوٹ آئے تو اسے بھولا نہ کہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ بعض لوگوں کے لیے ریٹائرمنٹ سے پہلے کا سچ اور ریٹائرمنٹ کے بعد کا سچ دو مختلف چیزیں ہوتی ہیں۔ سچ تبدیل نہیں ہوتا، البتہ اسے بیان کرنے کا وقت، انداز اور حوصلہ ضرور تبدیل ہو جاتا ہے۔ بعض لوگوں کو سچ بولنے کے لیے صرف ریٹائرمنٹ کا انتظار کرنا پڑتا ہے، کیونکہ ملازمت کے دوران سچ بولنا ان کے لیے خاصا مہنگا سودا ثابت ہو سکتا ہے۔
اس خیال نے اس وقت مزید تقویت پکڑی جب سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی خودنوشت ’’صبر‘‘ اور اس پر ہونے والے حالیہ بیانات کا ذکر سامنے آیا۔ اس کو صبر کا نام اس لیے دیا گیا ہے کہ ’’صبر‘‘ عثمان خواجہ کی زندگی کا بنیادی فلسفہ رہا ہے۔ ویسے تو اس کتاب میں متعدد اہم اور متنازعہ دعوے کیے گئے ہیں جن پر آسٹریلوی کرکٹ کے حلقوں میں بحث جاری ہے ۔
یہ معاملہ 2018کے بال ٹیمپرنگ تنازعے کا ہے جسے دنیا ’’سینڈ پیپر گیٹ‘‘ کے نام سے جانتی ہے۔ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعے کی ذمے داری صرف چند کھلاڑیوں پر نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم پر عائد ہوتی تھی۔ دوسرے الفاظ میں، یہ صرف چند کھلاڑیوں کا نہیں بلکہ ’’ہم سب‘‘ کا معاملہ تھا۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور دیگر حلقوں نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا ہے اور پیٹ کمنز نے تو اس کو سخت الفاظ میں غلط بھی قرار دیا ہے۔ اس دعوے کی حمایت میں ڈیوڈ وارنر کا بیان بھی سامنے آیا، جب کہ فاسٹ بولر چاڈ سیئرز نے بھی اس موقف کی تائید کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں اب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ دوسری جانب اسٹیو اسمتھ کی خاموشی بھی قابلِ غور ہے۔ شاید ان کے سچ کے لیے ہمیں ان کی ریٹائرمنٹ تک انتظار کرنا پڑے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ریٹائرمنٹ سے پہلے سچ بولنا اتنا مشکل کیوں ہوتا ہے؟ اس کی سیدھی سی وجہ یہ ہے کہ ملازمت کے دوران سچ بولنا بعض اوقات اپنے مفادات پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہوتا ہے۔ اس سے نہ صرف ترقی کے امکانات محدود ہو سکتے ہیں بلکہ آپ کو ایسے حالات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے جہاں آپ کے لیے ملازمت جاری رکھنا مشکل ہو جائے۔ اگر آپ سرکاری ملازم ہوں تو آپ کے ’’افسر بکارِ خاص‘‘ بننے کے امکانات بھی روشن ہو سکتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں بہت سے سابق سرکاری عہدیدار، اعلیٰ افسران اور کلیدی عہدوں پر فائز رہنے والے صاحبان ریٹائرمنٹ کے بعد کتابیں لکھتے ہیں، انٹرویوز دیتے ہیں اور اپنے تئیں سچ بولنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کی تحریروں اور انٹرویوز میں ایسے ایسے انکشافات ہوتے ہیں کہ پڑھنے اور سننے والے حیران رہ جاتے ہیں، لیکن ایک سوال ان سب سے ضرور پوچھنا چاہیے کہ اگر آپ کو دوران ملازمت ان تمام معاملات کا علم تھا تو آپ اس وقت کیا کر رہے تھے؟ آپ نے اس وقت آواز کیوں نہیں اٹھائی؟ کیا آپ بھی اسی نظام کا حصہ نہیں تھے جس پر آج ریٹائرمنٹ کے بعد تنقید کر رہے ہیں؟ شاید کچھ لوگ اس سوال کا سامنا بھی نہیں کرنا چاہتے، کیونکہ بعض اوقات سچ بولنے سے زیادہ مشکل اپنے کردار کا سچ تسلیم کرنا ہوتا ہے۔
میں نے پاکستان کے ایک ایسے بڑے ادارے میں کام کیا ہے جہاں سیاست بہت ہوتی تھی۔ ہر نئی انتظامیہ پچھلی انتظامیہ سے برسرِ پیکار رہتی اور ادارے کے اندر ایک مستقل محاذ آرائی کی کیفیت برقرار رہتی تھی۔ ایک دن تمام شعبہ جات کے سربراہان کی موجودگی میں میں نے یہ کہہ دیا کہ یہ ساری سیاست ادارے کا مالک خود کھیلتا ہے تاکہ انتظامیہ ہر وقت دباؤ میں رہے اور کوئی بھی شخص اپنی مرضی سے کام نہ کر سکے۔ یہ بات سنتے ہی سب میری جانب ایسے دیکھنے لگے گویا میرے سینگ نکل آئے ہوں۔ بعد میں چند صاحبان نے مجھے میری دانست میں کی گئی اس حماقت پر سمجھانے کی کوشش بھی کی، لیکن مجموعی رائے یہی تھی کہ میرا خیال غلط ہے۔ تاہم کچھ عرصے بعد جب انھی صاحبان میں سے بعض نے استعفیٰ دیا تو انھوں نے بھی وہی بات دہرائی جو میں پہلے ہی ان کے سامنے کر چکا تھا۔ جب میں نے انھیں ان کی سابقہ رائے یاد دلائی تو ان کا جواب بڑا دلچسپ تھا۔
’’آپ تو پاگل ہیں، ہم پاگل تھوڑی ہیں کہ نوکری کے دوران سچ بول کر خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماریں۔‘‘ گویا میری بات اس وقت غلط نہیں تھی، صرف اس کے کہنے کا وقت غلط تھا!
ہمارے ہاں بدقسمتی سے نوکری کو اکثر جی حضوری، مصلحت اور خاموشی کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔ نوکری کے دوران حق بات کہنے کی ہمت بہت کم لوگوں میں ہوتی ہے۔ اکثر لوگ اپنے عہدے، ترقی، مراعات اور مستقبل کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے خاموش رہنے ہی میں عافیت سمجھتے ہیں، لیکن اس خاموشی کی بھی ایک قیمت ہوتی ہے، جو شاید ملازمت کے دوران محسوس نہ ہو، مگر انسان کو عمر کے کسی نہ کسی حصے میں ضرور اس کا احساس ہوتا ہے۔
میں یہ نہیں کہتا کہ ہر موقع پر ہر بات سوچے سمجھے بغیر کہہ دینی چاہیے یا ادارے کے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ تقاضوں کو نظرانداز کر دینا چاہیے، لیکن مصلحت اور منافقت میں ایک واضح فرق ضرور ہونا چاہیے۔ اختلاف رائے اور حق بات کہنے کا مطلب بغاوت نہیں ہوتا۔ کسی ادارے سے وفاداری کا مطلب یہ بھی نہیں کہ آپ اس کی غلطیوں پر پردہ ڈالتے رہیں۔ درحقیقت اداروں کی بہتری کا آغاز ہی اس وقت ہوتا ہے جب ان کے اندر موجود لوگ غلط کو غلط کہنے کی ہمت پیدا کرتے ہیں، جو لوگ مشکل وقت میں سچ کا دامن نہیں چھوڑتے، انھیں شاید وقتی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، لیکن بالآخر وہ ایک مطمئن زندگی گزارتے ہیں۔
Find Your Interest
- NFL Week 11 Game Picks
- Google’s Spark AI Agent Becomes ‘Tasks’
- The Loop NFL Picks: Week 11
- Wide receiver power rankings entering Week 11 NFL season
- Running back power rankings entering Week 11 of NFL season
- Full list of Week 11 straight-up picks with confidence levels
- Gemini’s AI agent no longer needs a paid subscription in six countries
- Google just made its best Gemini agent free — here's where you can get it
- Jets at Chargers: 5 things to watch in Week 11
- Bills vs. Dolphins: 5 things to watch for during Week 11's game
Current
·
C2
·2026-11






