دور حاضر میں امت مسلمہ کے مابین جس چیز نے زور پکڑا ہے وہ فرقہ پرستی، تفرقہ بازی اور گروہ بندی ہے۔ یہ ایک ایسا مرض ہے جس نے مسلمانوں کو اندر سے کھوکھلا کردیا ہے اور اسی بناء پر اغیار اپنے مقاصد میں کافی حد تک کام یاب ہوچکے ہیں۔ ارشاد خداوندی ہے، مفہوم : ’’اور تم سب مل کر اﷲ کی رسی کو پکڑلو اور جدا جدا نہ ہونا اور اﷲ کی اس نعمت کو یاد رکھو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے، پس اس نے تمھارے دلوں میں باہمی الفت و محبت پیدا کردی اور تم لوگ اﷲ کی نعمت سے بھائی بھائی بن گئے۔‘‘ (سورۃ آل عمران) اس سے معلوم ہو ا کہ اﷲ رب العزت کی اس عظیم نعمت سے دشمنی دوستی میں بدل گئی، نفرت محبت میں تبدیل ہوگئی۔ جن کے دل سیاہ ہوچکے تھے ایمان کی روشنی سے جگ مگانے لگے، ایک دوسرے کے جانیں دشمن ایک دوسرے پر جان قربان کرنے والے بن گئے۔ ارشادِ خداوندی ہے، مفہوم: ’’اور ان لوگوں کی طرح نہ ہوجانا جو فرقوں میں بٹ گئے تھے اور اختلاف کرنے لگے تھے اس کے بعد بھی کہ جب ان کے پاس روشن نشانیاں آچکی تھیں اور ان کے لیے بڑا عذاب ہے۔‘‘ (سورۂ آل عمران) اس آیت کریمہ میں آگاہ کیا جارہا ہے کہ آپ ایسے لوگوں سے کوئی سروکار اور تعلق نہ رکھیں جنھوں نے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کرکے اپنی جمعیت کا شیرازہ منتشر کر ڈالا۔ ارشاد خداوندی ہے، مفہوم : ’’جو اﷲ اور اس کے رسول (ﷺ) سے جنگ کرتے ہیں اور زمین میں فساد انگیزی کرتے ہیں ان کے جرم کی سزا یہی ہے کہ چن چن کر قتل کردیے جائیں۔ یا ان کے ایک طرف کے ہاتھ اور دوسری طرف کے پاؤں کاٹے جائیں یا زمین میں ان کی نقل و حرکت بند کردی جائے۔ یعنی قید کردیے جائیں۔ (سورۃ المائدہ) جب کسی نام نہاد مذہبی کارروائی سے اسلام اور امت مسلمہ کے مجموعی مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہو تو اسلام اسے سرے سے مذہبی عمل تصور ہی نہیں کرتا۔ بلکہ دین و مذہب کے خلاف ایک منافقانہ سازش سے تعبیر کرتا ہے۔ قرآن پاک شاہد ہے۔ مفہوم: ’’اور جنھوں نے مسجد بنائی مسلمانوں کو نقصان پہنچانے، کفر کو فروغ دینے اور اہل ایمان میں تفرقہ ڈالنے کے لیے اور ایسے لوگوں کی تاک میں جو پہلے ہی سے اﷲ اور اس کے رسول (ﷺ) کے مخالف ہوں وہ یقیناً قسمیں کھاکر کہیں گے کہ ہم نے محض نیکی کا ارادہ کیا ہے مگر اﷲ گواہ ہے کہ بے شک وہ جھوٹے ہیں۔ اے محبوب (ﷺ) تم اس مسجد میں کبھی کھڑے نہ ہونا۔‘‘ ( سورۃ توبہ ) اس آیت کریمہ سے واضح ہوا کہ مسجد اﷲ رب العزت کا گھر ہے اور اسلام میں اس کی حرمت اور تقدس کا بہت خیال رکھا گیا ہے لیکن اگر نیت میں یہ تبدیلی آجائے کہ امت میں بگاڑ پیدا ہو تفرقہ بازی، نفاق اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانا مقصود ہوجائے تو ایسی مسجد میں بہ جائے عبادت کرنے، اس کو مسمار کرنے کا حکم صادر ہوجاتا ہے۔ اﷲ رب العزت نے تو ان لوگوں کو بھی برا بھلا کہنے سے منع فرمایا ہے کہ جو بتوں کو اپنا معبود اور حاجت روا مانتے ہیں۔ ارشاد خداوندی ہے، مفہوم: ’’اور تم انھیں گالی نہ دو جن کی اﷲ کے سوا یہ پرستش کرتے ہیں (کہیں ایسا نہ ہو) کہ وہ بھی جہالت اور زیادتی کی وجہ سے اﷲ کو برا بھلا کہنے لگیں۔‘‘ (سورۃ الانعام) خبردار کیا جارہا ہے کہ آپ لوگ ان کے جھوٹے خداؤں کو برا بھلا کہیں گے تو جواب میں جہالت کی بناء پر وہ تمہارے سچے خدا کو برا بھلا کہیں گے۔ قرآن مجید فرقان حمید واضح حکم دے رہا ہے لیکن بدقسمتی سے ہم لوگ منبروں پہ بیٹھ کر مسلمانوں کے خلاف کفر، بدعت اور شرک کے فتوے دیتے ہیں۔ بدنصیبی اور بدقسمتی کی یہ انتہاء نہیں کہ ہم نے اتنا کافر کو کافر نہیں کہا جتنا مسلمان کو کافر کہا ہے۔ ارشاد خداوندی ہے، مفہوم: ’’اور فتنہ انگیزی تو قتل سے بھی زیادہ سخت ہے۔‘‘ (سورۃ البقرہ) اس آیت کریمہ میں اﷲ تبارک و تعالیٰ نے فتنہ فساد کو قتل سے بھی بدترین قرار دیا ہے۔ دور حاضر میں بھی اگر ہم غور کریں کہ جن مساجد اور عبادت گاہوں میں تنقید و تنقیص ہوتی ہے تو یہ فتنہ و فساد میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ عبادت گاہیں اور مساجد ویران ہوجاتی ہیں جو چند نمازی بچ جاتے ہیں وہ بھی مذہبی اور روحانی سکون سے محروم ہوجاتے ہیں۔ ارشاد گرامی کا مفہوم ہے: ’’اے اﷲ کے بندو! (آپس میں) بھائی بھائی بن جاؤ۔‘‘ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا، مفہوم: ’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے مسلمان محفوظ رہیں اور مومن وہ ہے جس سے لوگوں کی جانیں اور مال محفوظ ہوں۔‘‘ (متفق علیہ) حضرت عبداﷲ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا، مفہوم: ’’ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے وہ نہ اس پر ظلم کرتا ہے (نہ مشکل حالات میں) اسے بے یار و مددگار چھوڑتا ہے، جو شخص اپنے مسلمان بھائی کے کام آتا رہتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کے کام میں (مدد کرتا) رہتا ہے اور جو شخص کسی مسلمان کی دنیاوی مشکل حل کرتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کی اُخروی مشکلات میں سے کوئی مشکل حل فرمائے گا اور جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرتا ہے اﷲ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی کرے گا۔‘‘ (متفق علیہ) حضرت عبداﷲ بن مسعودؓ روایت کرتے ہیں کہ حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اور اس کے ساتھ قتال کرنا کفر ہے۔‘‘ (متفق علیہ) محسن اعظم ﷺ جب مکہ مکرمہ سے ہجرت کرکے مدینہ منورہ تشریف لائے تو اس وقت مدینے کا معاشرہ بالعموم مسلمان، یہودیوں اور عیسائیوں پر مشتمل تھا، حضور اکرم ﷺ نے اپنی پیغمبرانہ بصیرت اور قائدانہ حکمت عملی سے ان مختلف الخیال عناصر اور متضاد نظریات رکھنے والے طبقے کو مدینہ کی پہلی ریاست کے قیام کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی دعوت دی۔ چناں چہ اس دعوت اتحاد کے نتیجے میں پہلی اسلامی ریاست کے قیام کا وجود عمل میں آیا جس کا دستور میثاق مدینہ کے نام سے موسوم کیا گیا۔ مقصود یہ ہے کہ اگر اسلامی ریاست کے استحکام کی خاطر غیر مسلموں کو ایک نقطۂ اشتراک کی بنیاد پر دعوتِ اتحاد دی جاسکتی ہے تو کیا وجہ ہے کہ ایک خدا، ایک رسول کریم ﷺ، ایک کتاب، ایک دین اور ایک کعبہ کو ماننے والوں کے درمیان اعلائے کلمۃ اﷲ کے لیے اتحاد و یگانگت کے لازوال رشتے قائم نہ کیے جاسکیں۔ فرقہ بندی ہے کہیں اور کہیں ذاتیں ہیں کیا زمانے میں پنپنے کی یہی باتیں ہیں صد افسوس! آج مسلمان اپنے گروہی، مسلکی، جماعتی اور طبقاتی مفادات کے اسیر ہوگئے ہیں۔ انھیں رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کا اتنا بھی پاس نہیں رہا کہ اسلام کی کشتی میں سوار ہر فرقہ کشتی کے تختوں کو اکھاڑ اکھاڑ کر سمندر میں پھینک رہا ہے اور کسی کو اتنا بھی خیال نہیں کہ خدا نہ خواستہ یہ کشتی ڈوب گئی تو وہ سب اس کے ساتھ غرق ہوجائیں گے۔ تاریخ کا مطالعہ کیا جائے یا دور حاضر کے حالات کا جائزہ لیا جائے جب بھی دشمن کو اہل اسلام پر غلبہ حاصل ہوا تو اس کا ہدف کوئی خاص مسلک نہیں تھا بلکہ بلاامتیاز سب مسلمان تھے۔ کافر کے نزدیک صرف مسلمان ہے نہ کہ مسلمان کا مسلک کہ وہ کس مسلک سے تعلق رکھتا ہے اگر خدا نہ خواستہ سرزمین پاک پر دشمن کے قدم پہنچ گئے اور وہ اپنے پنجے گاڑنے میں کام یاب ہوگیا تو ہمارا بھی حشر دوسروں سے مختلف نہ ہوگا۔ تمام مسلمانوں سے عاجزانہ التماس ہے کہ قرآن پاک اور رسول اﷲ ﷺ کے احکامات کے مطابق دوسرے مسلمانوں کا احترام کریں۔ گروہ بندی، تفرقہ بازی سے بالاتر ہوکر اپنی حدود میں رہ کر عبادت کی جائے اور کسی پر کیچڑ نہ اچھالا جائے۔ اﷲ تبارک تعالیٰ ہم سب مسلمانوں کو اتفاق و اتحاد نصیب فرمائے۔ (آمین)