سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پاکستان ہائی کمیشن نیو دہلی کی طرف سے 3 ہزار کے قریب یاتریوں کو ویزے جارے کردیے گئے۔ بھارتی مہمان 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جن کا واہگہ بارڈر پر استقبال کیا جائے گا۔ سکھ یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے اسپیشل بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے، جہاں 23 نومبر کو مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے۔ 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔ 25 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب سے گوردوارہ سچا سودا، فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں رات گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 26 نومبر کو بھی یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 27 نومبر کو یاتری گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، نارووال جائیں گے اور رات نارووال میں قیام کریں گے۔ 28 نومبر کو نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کے مقام پر کبڈی میچ منعقد ہوگا جس کے بعد یاتری لاہور پہنچیں گے اور گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔ شیڈول کے مطابق 29 اور 30 نومبر کو یاتری لاہور کے مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے جبکہ یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے مطابق یاتریوں کے سفرکے لئے اسپیشل بسوں کا انتظام کیا گیا جس کا کرایہ یاتری ادا کریں گے تاہم ان کی رہائش اورکھانا متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے فری ہوگا۔ یاتریوں کومیڈیکل کی مفت سہولت بھی مہیا ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کے مابین مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت بابا گرو نانک کے جنم دن پرانڈیا سے تین ہزار یاتری پاکستان آسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت سے تین ہزار سے زیادہ یاتری پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن انڈین گورنمنٹ کی طرف سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے بڑی تعداد میں سکھ اورنانک نام لیوا پاکستان نہیں آسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈھائی ہزارسے زائد یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ گزشتہ سال پاکستان کی طرف سے 2400 ویزے جاری کئے گئے تاہم 1932 یاتری پاکستان آئے تھے۔ کم وبیش 300 یاتریوں کے ایک جتھے کو انڈین گورنمنٹ نے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔