کینیڈا نے بھارتی نژاد گینگسٹر گولڈی برار کو ملک کے 25 انتہائی مطلوب مفرور ملزمان کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھتے ہوئے گرفتاری میں مدد دینے پر ڈھائی لاکھ کینیڈین ڈالر انعام کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے عوامی تحفظ کے پروگرام ’بولو‘ نے گولڈی برار کی گرفتاری کے لیے عوام سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ گولڈی برار، جن کا اصل نام ستندرجیت سنگھ ہے، ستمبر 2023 میں کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں سکھدول سنگھ گل کے قتل کے مقدمے میں مطلوب ہیں۔ پولیس نے فروری 2026 میں گولڈی برار اور ان کے ایک ساتھی کے خلاف قتل اور قتل کی سازش کے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ دوسری جانب امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بھی گولڈی برار کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے گرفتاری میں مدد دینے پر 10 لاکھ امریکی ڈالر انعام مقرر کر رکھا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کی تلاش کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔